ارباب فیملی کا سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پر عدالت جانے کا فیصلہ

پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کے نام پر رکھنے کے خلاف ارباب فیملی نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ارباب نیاز کے بیٹے اور پشاور کے سابق میئر ارباب طارق نے کہا ہے کہ وہ عدالت میں ارباب اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے صوبائی حکومت کے فیصلے کے خلاف رٹ پیٹیشن دائر کریں گے۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے کی منظوری دی تھی جس کے بعد ارباب فیملی اور پیپلز پارٹی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو مسترد کیا تھا۔
یاد رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی ارباب نیاز سٹیڈیم کانام تبدیل کرنے کی سختی سے مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ ارباب نیازسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی انتہائی نامناسب حرکت ہے، سٹیڈیم کا نام صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کرنے والے شخص کے نام پر رکھنا پختونوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ وزیراعلیٰ اس صوبے کی شناخت مٹانے اور صوبے کو تباہ کرنے کے مشن پر گامزن ہے، سانحہ نو مئی کے مرکزی کردار کے نام پر سٹیڈیم کا نام رکھنا ریاست دشمن قوتوں کو تقویت دینا ہے۔ گزشتہ نو سال سے اقتدار پر قابض جماعت ارباب نیاز سٹیڈیم کی تزئین و آرائش و بحالی تک نہ کر سکی۔