پاکستان کے خلاف افغان-بھارتی پراپیگنڈا بے نقاب، AI ویڈیوز کا استعمال

حالیہ سرحدی کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے کیے گئے ٹارگٹڈ آپریشنز کے بعد افغان طالبان اور بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف جھوٹی اور گمراہ کن مہم شروع کر دی گئی ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم اور بھارتی میڈیا کے درمیان پاکستان مخالف گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا افغان سرحد پر پیش آنے والے واقعات سے متعلق بے بنیاد خبریں نشر کر رہا ہے، جن کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق، افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ ان کے جنگجوؤں نے ایک پاکستانی ٹینک پر قبضہ کر لیا ہے۔ تاہم، فیکٹ چیکنگ ادارے "Gurwack” نے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا اور واضح کیا کہ ویڈیو میں دکھایا گیا ٹینک روسی ساختہ ہے اور پہلے ہی طالبان کے زیر استعمال تھا۔

اسی طرح ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر دعویٰ کیا کہ افغان طالبان نے دوستی گیٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے اس ویڈیو کو توڑ مروڑ کر اس طرح پیش کیا گویا گیٹ کو پاکستانی فورسز کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہو۔

تاہم، سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گیٹ کو افغانستان کی جانب سے آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا، جبکہ پاکستانی سائیڈ پر موجود گیٹ باقی اور محفوظ ہے۔

مزید یہ کہ کابل میں ہونے والے ایک دھماکے کو بھارتی اور افغان میڈیا نے آئل ٹینکر پھٹنے کا حادثہ قرار دیا، جب کہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ پاک فوج کی جانب سے کی گئی ٹارگٹڈ کارروائی کا نتیجہ تھا۔

بھارتی میڈیا کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا ایک اور واقعہ اس وقت سامنے آیا جب شہری عادل داوڑ کو شہید پاکستانی فوجی قرار دیا گیا۔ تاہم عادل داوڑ نے خود ویڈیو پیغام جاری کر کے تمام جھوٹے دعووں کو مسترد کر دیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اور افغان عناصر مصنوعی ذہانت اور ویژول ٹولز کے ذریعے جعلی ویڈیوز تیار کر کے پاکستان کے خلاف منظم پراپیگنڈا چلا رہے ہیں، جس کا مقصد حقائق کو مسخ کرنا اور رائے عامہ کو گمراہ کرنا ہے۔

Back to top button