کتوں کو مارنے کی تصدیق ہوئی تو انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج ہوگا: اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر آوارہ کتوں کو مارنے کی تصدیق ہوئی تو وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
یہ ریمارکس آوارہ کتوں کے خلاف مبینہ کارروائی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کے دوران سامنے آئے، جہاں عدالت نے سی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (MCI) سے تحریری جواب طلب کر لیا۔
سماعت کے دوران ایک عینی شاہد خاتون نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 9 اکتوبر کو انہوں نے سی ڈی اے آفس کے قریب کھڑی ایک گاڑی میں سینکڑوں مردہ کتے دیکھے۔
عدالت نے واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعے کی تصدیق ہوگئی تو متعلقہ حکام کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے انتظامیہ کو 9 اکتوبر کے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
