کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر چل رہی ہے : کشمیری قیادت

آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلانے کی کوشش کررہی ہے، کچھ لوگ پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،کالعدم ایکشن کمیٹی عوامی حقوق کی آڑ میں کسی اور ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اس سے کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں۔
اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی صدر نبیلہ ایوب اور دیگر رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام محب وطن ہیں،لیکن کچھ لوگوں کی جانب سے انہیں ریاست پاکستان کے خلاف اکسایا جارہا ہےجس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، موجودہ کشیدگی عوام میں بے چینی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومتِ پاکستان نے ہر معاملے میں صبروتحمل کا مظاہرہ کیا،لیکن جرائم کا ارتکاب کرنےوالے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
سردار عتیق احمد نے کہاکہ پاک فوج اپنے مضبوط نظم و ضبط کی بدولت ایک منظم ادارہ ہے اور کشمیری عوام نے انتشار پھیلانے والے گروہ کو مسترد کردیا ہے۔ پاک فوج میں بغاوت کا مطالبہ کرنےوالوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا پاک فوج کے ساتھ تعلق کسی عہدے،منصب یا مراعات کا مرہونِ منت نہیں،بلکہ یہ رشتہ قیام پاکستان سے بھی پہلے کا قائم ہے۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ پاکستان کے انتہائی حساس علاقوں کی ذمہ داری پاک فوج نے کشمیریوں پر اعتماد کرتےہوئے ان کے سپرد کر رکھی ہے،جو اس اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔آج پاکستان کی مسلح افواج حرمین شریفین کے دفاع میں بھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں،جو پوری قوم کےلیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بعض لوگ پاکستان کی معیشت کو کمزور قراردیتے ہیں،تاہم حقیقت یہ ہےکہ یہی معیشت آج دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی پاکستان کی اہمیت تسلیم کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔تیسری عالمی جنگ کے خطرات کو ٹالنے میں آخر کس ملک نے مؤثر کردار ادا کیا،اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہاکہ حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے مقابلے میں سستا آٹا اور بجلی فراہم کی۔
شاہ غلام قادر نے کہاکہ کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلانے کی کوشش کررہی ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ہے،ریاست کے 99 فیصد لوگ آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور محب وطن ہیں۔پاک فوج میں خدمات انجام دینے والے کشمیریوں کو بغاوت پر اکسانے کی بات کی،جو انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔
بجٹ میں سمت واضح کردی، معاشی شرح نمو بڑھے گی : وزیر خزانہ
رہنما پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نبیلہ ایوب نے کہا کہ پاک فوج کا جوان ہمارے ملک کی دفاعی سرحدوں کا محافظ ہے،بغاوت کا مطالبہ کرنےوالوں کو سمجھ جانا چاہیےکہ ریاست کسی صورت رعایت نہیں کرےگی۔چند گنے چنے لوگ پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،اس سے کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں، انہیں خود کو الگ کرنا چاہیے۔
