امریکامسلم ممالک کو لڑوا کروسائل پر قبضہ کرناچاہتاہے، ایران

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کی حکمت عملی خطے کے مسلم ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرکے وہاں کے وسائل پر اثر و رسوخ قائم کرنا ہے۔

مسعود پزشکیان نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے بعض مسلم ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے ایران کو نشانہ بنایا جبکہ تہران نے ان امریکی فوجی اڈوں کو جواباً نشانہ بنایا جہاں سے ایران کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال بھی امریکی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ اگر ایران کے لیے راستے محدود کیے جائیں گے تو آبنائے ہرمز کی بندش کو ایک فطری ردعمل سمجھا جائے گا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کا مستقل حل فوجی طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ایرانی صدر نے سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران دونوں فریقوں کے درمیان مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایرانی صدر نے کہا کہ ماضی میں امریکی حملوں اور پابندیوں کے باعث اعتماد متاثر ہوا ہے۔ پاکستان اور قطر ایران اور امریکا کے درمیان رابطے اور پیغامات کے تبادلے میں ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

Back to top button