ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو اپنی جاگیر قراردےکرنقشہ شیئرکردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر آبنائے ہرمز کا ایک نقشہ شیئر کیا، جس میں اس اہم آبی گزرگاہ کواپنی جاگیرقرار دیاگیاہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے ایک نئے معاہدے کی تجویز دی ہے اور اس معاملے پر امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات بھی ہوئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نےایران جنگ کے حوالے سے کہا کہ امریکی حکام ثالثوں کے ذریعے مثبت اور تعمیری بات چیت کر رہے ہیں۔ حکام نے مذاکرات کی تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
رواں ہفتے ایران اور امریکا کے درمیان کئی گھنٹوں تک بالواسطہ مذاکرات جاری رہے، جن میں موجودہ کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
ٹرمپ کی جانب سے نقشہ شیئر کیے جانے کو ایران کی نئی تجویز کے بعد ان کے مؤقف کی ایک نمایاں عوامی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کیے گئے معاہدے کو امریکی سیاست، خصوصاً آئندہ وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں بھی زیر بحث لایا جا رہا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے جہاں سے بڑی مقدار میں تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔
خطے میں کشیدگی کے دوران اس آبی گزرگاہ کی سکیورٹی عالمی منڈیوں کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے تاہم، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے نتیجے اور نئے معاہدے کے امکانات پر ابھی کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔
