امیرمقام نےخیبرپختونخواحکومت سے وسائل کاحساب مانگ لیا

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں تقریباً 4 سال حکومت کی، اسے بتانا چاہیے کہ وفاق سے ملنے والے وسائل کہاں خرچ کیے۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو سب سے پہلے اپنی صوبائی حکومت سے سوال کرنا چاہیے کہ انہیں جو وسائل اور وفاقی حکومت سے رقوم ملیں، ان سے تعلیم، صحت اور اداروں کی مضبوطی کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اس وقت دہشتگردی سمیت سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، بعض علاقوں میں لوگوں کے لیے گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہوگیا ہے، اس لیے حکومت کی ترجیح عوام کو ان حالات سے نکالنا ہونی چاہیے۔
امیر مقام نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں لوگ اپنے پیاروں کو کھو رہے ہیں اور کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق سوات، جنوبی اضلاع اور دیگر علاقوں میں بھی ایسے واقعات پیش آئے ہیں، جن سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو احتجاج اور لانگ مارچ کی طرف لے جانے کے بجائے دہشت گردی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہییں۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے طویل عرصے تک صوبے میں حکومت کی، تاہم اب اپنی کارکردگی کے بجائے اپنی مبینہ نالائقی اور ناکامی کا ملبہ دوسری طرف ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
