اقوام متحدہ کا عالمی امن کےلیے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف

 

 

 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کےلیے پاکستان کے کردار، قربانیوں اور خدمات کو سراہا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کثیرالجہتی نظام کےلیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتےہوئے عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی بھی واضح کی۔

وزیراعظم نے انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہتےہوئے انسانیت کی بہتری اور اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری کےلیے ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا،وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کےخاتمے کےلیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتےہوئے خطے میں امن و استحکام کےلیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کےلیے پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات کےدوران وزیراعظم شہباز شریف نے اسلاموفوبیا کے بڑھتےہوئے رجحان، بالخصوص پاکستان کے قریبی ہمسایہ خطے میں اس کے واقعات، سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا اور اس رجحان کی روک تھام کےلیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورت حال اور افغان سرزمین سےہونے والی دہشت گردی میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائدانہ کردار اور مؤثر آواز کو سراہتےہوئے عالمی امن و سلامتی کےلیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا،انہوں نے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کےلیے پاکستان کی سفارتی و ثالثی کوششوں کو بھی سراہا۔

انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں عالمی امن کےلیے پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

Back to top button