بالائی علاقوں میں بارش اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نےبالائی علاقوں میں متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
این ای او سی کے مطابق مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق ممکنہ بارش کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی جبکہ بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان میں ستور، سکردو، روندو، گھانچے اور شگر، آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ خیبر پختونخوا میں سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ای او سی کے مطابق 30 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، سیالکوٹ، لاہور، گجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔
