ہمت ہے تو دھرنادینےکیلئےآؤ،عطا اللہ تارڑ کا پی ٹی آئی کو چیلنج

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنےپی ٹی آئی کوچیلنج کرتے ہوئےکہا کہ ہمت ہے تو دھرنادینےکیلئےآؤ،تحریک انصاف اب دھرنوں سے بھاگ چکی ہے۔
تحریک انصاف کے لانگ مارچ ملتوی کرنےکےاعلان کےجواب میں عطااللہ تارڑ کا ردعمل بھی آگیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا ہے کہ پی ٹی آئی والے بزدل لوگ ہیں اسی لیے دھرنا دینے سے بھاگ گئے ان کی کوئی تیاری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، صوبائی حکومت نہ صرف حالات سے لاعلم ہے بلکہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے اقدامات لینے سے بھی گریزاں ہے، صوبائی حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری کر رہی ہے، دہشت گردوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر حملے کیے مگر تحریک انصاف دہشت گردوں کی منظور نظر رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑنے کہا کہ تحریک انصاف دہشت گردوں کی مذمت کرنے اور ان کے خلاف کارروائی سے گریزاں رہتی ہے، دہشت گردوں کی سہولت کاری ان کی پالیسی کا حصہ ہے، پی ٹی آئی تحریک طالبان کی بی ٹیم اور تحریک طالبان افغانستان کی سی ٹیم ہے، تحریک انصاف نے کبھی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار نہیں کیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، ان کی کابینہ اور تحریک انصاف کی پوری حکومت دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان پر قابو پائے، امن و امان صوبائی معاملہ ہے، تحریک انصاف کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کو کنٹرول کرے، صرف 2026ء میں دو ہزار 456 دہشت گرد حملے ہوئے ہیں، ان حملوں میں 472 رینجرز، پولیس، فوج کے جوان شہید ہوئے، 1500 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جو صوبائی حکومت دہشت گردی کو نہ روکنا چاہے، بے گناہ شہریوں کا خون بہے تو یہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، افغانستان سے ڈرون آئے تو یہ لوگ بھاگ گئے، ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، ہنگو میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے کہا کہ ہم بزدل نہیں ہیں، ہمیں ٹھیک ہونے دیں ہم دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے، ہمارے شہری، جوان، سیکیورٹی فورسز پوری طرح دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحرک ہیں۔
