ایشیا کپ 2025: تمام ٹیمیں جیت کیلئے پر عزم

ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد شریک ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر پاکستان ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ اس فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی کیونکہ ایک دو اوورز میں میچ کا رخ بدل سکتا ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ قومی ٹیم نے حالیہ عرصے میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور گزشتہ چار میں سے تین سیریز میں کامیابی حاصل کی، تاہم ایشیا کپ بڑا چیلنج ہوگا اور اس کے لیے ہم مکمل تیار ہیں۔ ان کے مطابق یو اے ای میں کھیلنا پاکستان کے لیے کوئی بڑا ایڈوانٹج نہیں لیکن یہاں کھیلنے کا تجربہ ضرور ہے۔
ہانگ کانگ کے کپتان یاسم مرتضیٰ نے کہا کہ ٹیم محنت کے بعد یہاں تک پہنچی ہے اور اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ عمان کے کپتان جتندر سنگھ نے کہا کہ پہلی بار ایشیا کپ کھیلنے پر ٹیم پرجوش ہے اور ماضی کے تین ورلڈ کپ کھیلنے کا تجربہ اس ایونٹ میں مددگار ثابت ہوگا۔
بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے کہا کہ تمام ٹیمیں تیار ہیں اور کسی میچ کو آسان نہیں سمجھا جاسکتا۔ افغان کپتان راشد خان نے کہا کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ضرور ہے لیکن ٹیم اضافی دباؤ نہیں لے رہی، ہدف محنت کے ذریعے خود بخود حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی کھلاڑی 100 فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشن سازگار ہیں لیکن ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، اس لیے سخت مقابلہ ہوگا۔ ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے الٹا سوال کر ڈالا کہ "آپ کو کس نے کہا کہ بھارت فیورٹ ہے؟”
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے، افتتاحی میچ ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
