ایشیا کپ: بھارت پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کو تیار، شرط رکھ دی

ایشیا کپ 2023 میں بھارت نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )مشروط طور پر ہائبرڈ ماڈل قبول کرے گا جس میں بھارت نے شرط رکھی ہےکہ پاکستان کو ورلڈکپ میں شرکت کیلئے تحریر ی یقین دہانی کرانی ہوگی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ بی سی سی آئی اس حوالے سے باضابطہ اعلان 27 مئی کے اجلاس کے بعد کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان بھارتی فیصلے کے بعد کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ بھارت میں رواں برس کھیلا جانا ہے لیکن اس سے قبل ایشیا کپ پاکستان کی میزبانی میں ہوگا جس میں بھارت نے شرکت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بھی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارت جانے سے انکار کردیا تاہم دونوں بورڈز کے درمیان پاکستان کی جانب سے تجویز کیے جانے والے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت جاری ہے۔
