190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آباد نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرلی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی، دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے دلائل دیے کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں، چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ آف اریسٹ جاری نہیں کیے، جب وارنٹ آف اریسٹ جاری نہیں ہوئے تو درخواست ضمانت غیر مؤثر ہے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر نے کہا کہ 10 ماہ قبل بھی ہمارا یہی مؤقف تھا کہ بشری بی بی کے وارنٹ آف اریسٹ جاری نہیں کیے، عدالت نے بشری بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔

دوران سماعت استغاثہ کے تین گواہان پر وکلاء صفائی نے جرح مکمل کرلی، ریفرنس میں مجموعی طور پر 27 گواہان پر جرح مکمل کی جا چکی ہے، احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔

Back to top button