کلاؤڈ برسٹ : صوابی میں مزید لاشیں ملنےپر اموات کی تعداد 28 ہو گئی

خیبر پختونخوا کے اضلاع صوابی اور بونیر حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد تباہی کی تصویر بن چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ہر طرف ملبے کے ڈھیر اور سوگوار ماحول نے کہرام برپا کر رکھا ہے۔

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو گئی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اس شدید موسمی واقعے میں 20 گھروں کو نقصان پہنچا، کئی مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔

کمشنر مردان ڈویژن کے مطابق، ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جب کہ ایک شخص کو زندہ نکالنے کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مزید لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، امدادی کارروائیاں جاری

صوابی اور بونیر کے متاثرہ خاندان شدید غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے:
"ہم نے اپنے گھر کو جنت بنایا تھا، لیکن اب سیلاب سب کچھ بہا لے گیا، کچھ بھی باقی نہیں رہا۔”

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 350 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جن میں سے 228 اموات صرف ضلع بونیر سے رپورٹ ہوئیں۔

Back to top button