خام تیل کی قیمت 7ہفتوں کی کم ترین سطح پرپہنچ گئی

جنگ بندی کے بعد تیل کی قیمتوں میں سب سے بڑی کمی،عالمی منڈی میں خام تیل 7 ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

امریکی صدر کی درخواست پر ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 4 فیصد کمی کے بعد 90.85 ڈالر فی بیرل تک گر گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 4.1 فیصد کمی کے ساتھ 87.59 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

اس طرح برینٹ خام تیل 17 اپریل کے بعد اور ڈبلیو ٹی آئی 29 مئی کے بعد اپنی کم ترین سطح کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جسے خوش آئند کہا جا رہا ہے اور اس کا اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑے گا۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش نے پیٹرول کی قیمتوں کو پر لگا دیئے تھے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کرونا کے بعد سب سے بلند سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

 

Back to top button