سوشل میڈیاپرشرانگیزی پھیلانے والوں سے سختی سےنمٹنےکافیصلہ

پنجاب میں لاؤڈ سپیکر ایکٹ نافذ،سوشل میڈیا پرشرانگیزی پھیلانےوالوں کیخلاف سخت کارروائی کافیصلہ کرلیاگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں لاؤڈ سپیکر ایکٹ کا نفاذ لازمی اور مزید سخت کرنے اور ہرضلع میں وِسل بلور سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انتہاپسند جماعت، غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف پنجاب پولیس ہیلپ لائن15میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا۔
عوام انتہا پسند جماعت اور غیرقانونی تارکین وطن کی اطلاع کیلئے 15 پرکال کریں۔
صوبےکو غیرقانونی اسلحہ سے پاک کرنےکیلئے اقدامات کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا کہ پنجاب میں ڈالاکلچر، بدمعاشی اور مافیا کلچرکوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا۔
صوبے میں امن کمیٹیز کو فوری طور پرمؤثر اورمزید فعال کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وضاحت کی گئی کہ کومبنگ آپریشنز ،کارروائیاں مخصوص انتہا پسند ذہنیت کے خلاف ہیں، کسی فرقے یا عقیدے کے خلاف نہیں۔
انتہا پسند جتھوں کے اشتہارات، تصاویر اور پلےکارڈز پرسخت پابندی اورکارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کو روزانہ غیرقانونی طور پرمقیم غیرملکیوں کےخلاف کومبنگ آپریشن رپورٹس اپ ڈیٹ کرنےکی ہدایت کی گئی اور کہا گیاکہ ضلعی رپورٹس میں روزانہ کی بنیاد پراپ ڈیٹ کرنا ہوگا کہ کتنے غیرقانونی رہائشی کہاں کاروبار سےمنسلک ہیں، ضلعی انتظامیہ روزانہ رپورٹ کرےگی کتنےغیرقانونی بین الاقوامی رہائشی مرکزمیں ڈی پورٹیشن کیلئے بھیجےگئے۔
