تحریک انصاف کاملک گیرعوامی رابطہ مہم شروع کرنےکافیصلہ

تحریک انصاف نے ملک گیرعوامی رابطہ مہم شروع کرنے اور نومبر میں بڑی عوامی ریلی نکالنےکافیصلہ کرلیا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کراچی کے دورے میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔
سلمان اکرم راجا نے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں سےموجودہ سیاسی صورتحال، چیئرمین عمران خان کی رہائی کی حکمت عملی اور تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔
سلمان اکرم راجا کاصحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نومبر میں ’ کراچی میں ایک بڑی عوامی ریلی منعقد کی جائے گی۔حیدرآباد اور دیگر بڑے شہروں میں بھی اسی نوعیت کے اجتماعات ہوں گے تاکہ ملک گیر عوامی رابطہ مہم کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، راجا ناصر عباس کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنایا گیا۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہم آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے پرعزم ہیں، سچ اور انصاف کی جیت ہوگی، عمران خان کے خلاف بنائے گئے تمام جھوٹے مقدمات عدالتوں میں غلط ثابت ہو رہے ہیں، تاہم انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، لیکن یہ بے بنیاد مقدمات جلد ختم ہو جائیں گے۔‘
