سیلاب کے باعث جی ڈی پی گروتھ کی متوقع شرح میں کمی کاامکان

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث جی ڈی پی گروتھ پر اثر پڑا ہے۔ جی ڈی پی گروتھ 4.2 متوقع تھی اب کمی واقع ہوسکتی ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کانجی ٹی وی کو انٹروی مں کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہمارے دو بنیادی ایشوز ہیں، جنہیں ہم نے حل نہ کیا تو 2047 کی جو بات کی گئی ہے، جب ہمیں بحیثیت قوم 100 سال پورے ہوں گے، وہ متاثر ہو سکتی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ آج جو ہم 411 بلین ڈالر کی اکانومی ہیں، 2047 میں 3 ٹریلین ڈالر کی اکانومی بن سکتی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ دو وجوہات ہمیں ان اہداف سے ڈی ریل کر سکتی ہیں، یہ وجوہات موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کی فریکوئنسی اور شدت بڑھتی جا رہی ہے، حالیہ سیلاب اس کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ پچھلے سال 3 فیصد تھی، اس سال ہمارا اندازہ تھا کہ جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد تک جائے گی، سیلاب کے باعث یہ گروتھ اعشاریہ 2 سے اعشاریہ 5 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔ پنجاب میں سیلاب سے 80 فیصد نقصان زراعت کو ہوا ہے، ہمیں اس پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ یہ پورے ملک کا نقصان ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اگلے 300 دنوں کا منصوبہ تیار کریں۔ وہ اس حوالے سے اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ 2022 میں سیلاب آیا تھا تو ہمارا خیال تھا کہ شاید 10 سال بعد دوبارہ آئے گا، لیکن 2، 3 سال بعد ہی آ گیا ہے۔
