حکومت کا اسلام آباد میں پہلا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے اسلام آباد میں پہلا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پائلٹ منصوبے کے تحت حکومتی سطح پر ایک فیوژن سینٹر بنایا جائے گا، جہاں شہریوں کو تمام بنیادی سروسز ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جائیں گی۔
وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے "سمارٹ اسلام آباد” اقدام کے تحت منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق اس فیوژن سینٹر کے ذریعے سمارٹ ٹریفک کنٹرول، فضائی معیار کی نگرانی، کچرا اور ٹرانسپورٹ مینجمنٹ کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں اسلام آباد کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجود ہوں گے، جبکہ مزید سمارٹ ڈیوائسز اور سینسرز نصب کیے جائیں گے تاکہ شہری سہولتوں کے لیے ریئل ٹائم ڈیٹا کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 1 لاکھ 55 ہزار پر پہنچ گیا
منصوبے میں ریئل ٹائم ڈیٹا انٹیگریشن اور کمانڈ پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا۔ سرکاری دستاویز کے مطابق اس منصوبے کی لاگت 70 کروڑ 83 لاکھ 85 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ پلاننگ ڈویژن نے ابتدائی طور پر 25 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
پہلے مرحلے میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا جائے گا، اس کے لیے ضروری سافٹ ویئر اور عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد اے آئی پر مبنی پلیٹ فارم اور نیشنل ریپلیکیشن بلیوپرنٹ تیار کرنا ہے۔
