پنجاب کنٹرول آف غنڈہ ایکٹ 2025‘ کا مسودہ تیار

محکمہ داخلہ نے جرائم پیشہ افراد کوقابوکرنے کیلئے ’پنجاب کنٹرول آف غنڈہ ایکٹ 2025‘ کا مسودہ تیار کر لیا۔
ایکٹ غنڈوں کی شناخت، نگرانی اور روک تھام کے لیے جامع قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے جس کے تحت امن عامہ اور معاشرتی فلاح کے لیے خطرہ بننے والے عناصر قانون کی گرفت میں آئیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق مجوزہ ایکٹ میں غنڈوں، بدمعاشوں کی قانونی شناخت واضح کی گئی ہے، ایکٹ کے تحت کسی بھی شخص کو غنڈہ قرار دینے کا اختیار ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کو دیا گیا ہے جو پولیس، انتظامیہ اور حساس اداروں کی معتبر رپورٹ یا تحریری عوامی شکایت پر غنڈہ قرار دے سکتی ہے۔
ایکٹ میں منشیات فروشی، جوئے، بھتہ خوری، سائبر کرائم، ہراسانی میں ملوث شخص، منظم مجرمانہ سرگرمی، جعلی دستاویزات کے استعمال، سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور سرکاری عہدیدار کا بہروپ بدلنے والا غنڈہ قرار دیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ کسی شخص کو غنڈہ قرار دینے کے بعد ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی متعدد پابندیاں عائد کر سکتی ہے جبکہ کمیٹی مستقبل میں اچھے سلوک کی خاطر ضمانتی بانڈز بھی بھروا سکتی ہے۔