صدراوروزیراعظم کی اہم ملاقات،پیپلزپارٹی نےبجٹ پرگرین سگنل دیدیا

صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی نےحکومت کو بجٹ منظوری کیلئے گرین سگنل مل گیا۔

ایوان صدر کی اہم بیٹھک کے دوران حکومت اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کرلیا۔بعض قابل عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں مشاورت جاری رکھیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی ٹیم پیپلز پارٹی وفد سے ملاقات کیلئے ایوان صدر پہنچی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت کر رہے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی بجٹ کمیٹی کے ارکان بھی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت کے ہمراہ موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی بجٹ سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی جبکہ آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو مبارکباد دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا، ’نوجوان بلاول نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی‘ جس پر صدر مملکت نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ’آخر بیٹا کس کا ہے؟۔‘

Back to top button