گلگت بلتستان میں کامیابی پر وزیراعظم کی آصف زرداری اور بلاول بھٹوکو مبارک باد

گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارک باد پیش کی ہے۔
شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور سیاسی سرگرمیوں سے بھرپور الیکشن کے انعقاد پر وہاں کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان الیکشن میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ ہم صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اچھا مقابلہ کیا۔ مسلم لیگ ن کی ٹیم نے بھرپور محنت کی، ان کو شاباش دیتا ہوں۔ گلگت بلتستان میں تمام کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہو ں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر گلگت بلتستان کے عوام بھی خصوصی تحسین کے لائق ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پرامن، شفاف الیکشن اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں، الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدار الیکشن یقینی بنایا جو قابل ستائش ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پر امن الیکشن کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا، جس پر ان کو شاباش ہے۔

Back to top button