لاہور میں ٹرین روک کر دہی خریدنے والا ڈرائیور معطل

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے لاہور میں ٹرین روک کر دہی خریدنے جانے والے ڈرائیور کو معطل کردیا۔ معلوم ہوا ہے کہ لاہور ڈویژن میں کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب انجن نمبر 5217 کا ڈرائیور 6 دسمبر کو اچانک ٹرین روک کر دہی لینے کے لیے بازار چلا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ڈرائیور کی اس حرکت کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ٹرین ڈرائیور رانا محمد شہزاد اور افتخار حسین اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات مستقبل برداشت نہیں کیے جائیں گے اور اگر آئندہ بھی ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تو اس کے خلاف بھی سخت ایکشن لیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے قومی امانت ہے اس کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
