شدید گرمی کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا کےبالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے نے بالائی اضلاع میں درجہ حرات بڑھنے اور شدید گرم موسم کے باعث تیزی سے گلیشیرز کے پگھلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اپر ولوئر چترال، سوات، اپردیر،کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔
پی ڈی ایم اےنے بتایا کہ حساس گلیشیائی علاقوں میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے جب کہ ریسکیو اداروں، مشینری اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں یکم جولائی سے مون سون کے آغاز کی پیشگوئی کردی۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق ملک کے شمال مشرق پنجاب اور کشمیر سے مون سون کا آغاز ہونے کا امکان ہے، یکم جولائی سے ملک کے شمالی حصے اور پنجاب کے شمال مشرق حصے میں بارش ہوسکتی ہے۔
انجم نذیر نے بتایا کہ سندھ میں فی الحال مون سون کا آغاز ہوتا نظر نہیں آرہا اور سندھ میں 5 جولائی تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
کراچی کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ خلیج بنگال میں بننے والا کم دباؤ کراچی سمیت سندھ میں بارش برسا سکتا ہے، رواں مون سون میں کراچی سمیت سندھ میں معمول سے کم بارش ہوسکتی ہے۔
انجم نذیر کے مطابق بھارت میں بھی جون میں معمول سے 43 فیصد کم بارش ہوئیں۔
