عیدمیلادالنبیؐ،صدرمملکت کاقیدیوں کی سزاؤں میں 180روزہ رعایت کااعلان

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 180 روزہ خصوصی رعایت کی منظوری دے دی۔

ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ رعایت آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی گئی ہے۔ ابتدا میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے 100 روزہ رعایت کی سفارش کی تھی، تاہم صدرِ مملکت کی تجویز پر مشاورت کے بعد اسے بڑھا کر 180 دن کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق رعایت صرف اُن قیدیوں کے لیے ہے جو قانون کے تحت مقررہ شرائط پر پورا اترتے ہیں، جبکہ قتل، دہشت گردی، جاسوسی اور بڑے مالیاتی جرائم میں ملوث قیدی اس سہولت سے محروم رہیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں آج نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ شہروں اور قصبوں میں سبز پرچموں کی بہار ہے جبکہ مساجد اور بلند عمارتوں کو چراغاں سے منور کیا گیا ہے۔

یومِ میلاد کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Back to top button