جوئےکی ایپ کی تشہیرکیس:رجب بٹ کی طلبی کانوٹس جاری

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو جوئے کی ایپ کی تشیہرکےکیس میں 9 ستمبر کو طلب کرلیا۔
ایجنسی کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق رجب بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نوجوانوں کو آن لائن جوئے کی ایپس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی اور ایک منظم اسکیم کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
تحقیقات میں یہ شواہد بھی سامنے آئے ہیں کہ یوٹیوبر مبینہ طور پر مالی گھپلوں میں ملوث رہے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ منگل کو صبح 11 بجے لاہور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کے سامنے پیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کریں۔
نوٹس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر رجب بٹ پیش نہ ہوئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ کہنے کو نہیں ہے۔
رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے بتایا ہے کہ ان کی لا فرم کیس میں یوٹیوبر کی نمائندگی کرے گی اور 9 ستمبر کو تحریری جواب جمع کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کو قانون کے مطابق مکمل دفاع فراہم کیا جائے گا اور معاملے کے تمام پہلوؤں پر قانونی طور پر جانچا جا رہا ہے۔
