شہباز شریف اماراتی صدر کی وفات پر تعزیت کیلئے محل پہنچ گئے

متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ خلیفہ بن زید النیہان کی وفات پر تعزیت کرنے کیلئےوزیراعظم شہباز شریف صدارتی محل پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف لندن سے واپسی پر گزشتہ شب متحدہ عرب امارات پہنچے تھے ، جہاں وہ یو اے ای کے نومنتخب صدر شیخ محمد بن زید النیہان سے مرحوم صدر کی وفات پر تعزیت کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف قیادت، حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کریں گے، دفتر خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو ‘قریبی برادرانہ تعلقات’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زید النیہان کی قیادت میں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں کی جانب بڑھے،وہ پاکستان کے مخلص دوست تھے، ان کا ان انمول اور بیش بہا کردار اور تعاون حکومت اور پاکستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے، متحدہ عرب امارات کے برادر شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے، پاکستان نے 13 سے 15 مئی تک تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا، اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہا۔
بہتر ہوگا گورنر پنجاب شرافت سے گھر چلے جائیں
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمراں شیخ خلیفہ بن زاید النہیان جمعے کے روز 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، صدارتی امور کی وزارت نے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کی تھی اور متحدہ عرب امارات، عرب اور اسلامی قوم اور دنیا کے لوگوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا، شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمراں کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، وہ اپنے والد مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے جانشین منتخب ہوئے تھے جنہوں نے 1971 میں یونین کے بعد متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کا انتقال 2 نومبر 2004 میں ہوا،1984 میں پیدا ہونے والے شیخ خلیفہ، متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور امارات ابوظبی کے 16ویں حکمران تھے۔ وہ شیخ زید کے بڑے بیٹے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شیخ محمد بن زید النہیان متحدہ عرب امارات کے صدر منتخب ہوگئے تھے، ’وام نیوز‘ کے مطابق شیخ محمد کو وفاقی سپریم کونسل کی جانب سے منتخب کیا گیا تھا جو اب تیل پر انحصار کرنے والی معیشت کے رہنما ہوں گے جو ان کے والد نے 1971 میں قائم کی تھی،ایم بی زیڈ کےنام سے جانے جانے والے شیخ محمد نے وفاقی سپریم کونسل سے ملاقات بھی کی تھی، ایم بی زیڈ یو اے ای کے ساتویں رہنما ہیں، تاہم ان کے سوتیلے بھائی شیخ خلیفہ کے انتقال پر تیل سے مالا مال ریاست سوگ میں منا رہی ہے، شیخ خلیفہ کی صحت میں خرابی کے بعد ایک کروڑ آبادی والے صحرائی ملک میں ان کے عہدے پر براجمان ہونے کی توقعات عروج پر تھیں، انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ایک شخص کو خلا پر بھیجا اور مریخ پر تحقیقات کی اور اپنا پہلا جوہری ری ایکٹر کھولا جبکہ اپنی تیل سے چلنے والی معیشت کا استعمال کرتے ہوئے خودکار نوعیت کی خارجہ پالیسی بھی تشکیل دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید النہیان کو صدر منختب ہونے پر مبارکباد دی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ میں اپنے بھائی محمد بن زید کو متحدہ عرب امارات کا نیا صدر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھونے جا رہے ہیں۔
