تیز رفتار ورزش دل اور میٹابولک کے لیے زیادہ فائدہ مند قرار

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ شدت والی ورزشیں (جیسے مختصر دورانیے کے سپرنٹ) دل اور میٹابولک صحت کو بہتر بنانے میں درمیانی شدت کی ورزشوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران محققین اس بات پر توجہ دے رہے ہیں کہ لوگ اپنی کارڈیو میٹابولک صحت کو بہتر بنانے کے لیے کون سے طریقے اختیار کرسکتے ہیں۔ اس سے مراد دل، خون کی شریانوں اور جسم کے میٹابولک نظام کی صحت اور ان کے باہمی تعلق سے ہے۔
مثال کے طور پر خون کی شریانیں جسم کے مختلف حصوں تک آکسیجن سے بھرپور خون کتنی مؤثر انداز میں پہنچاتی ہیں، اس کا اثر اس بات پر پڑتا ہے کہ خلیوں میں موجود مائٹوکانڈریا توانائی پیدا کرنے کے لیے ایندھن کو کتنی اچھی طرح استعمال کرتے ہیں۔ صحت مند قلبی نظام ہارمونز اور خون میں موجود شوگر کو جسم کے متعلقہ حصوں تک پہنچانے اور جسم سے فاضل مادے خارج کرنے کی صلاحیت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔
