سندھ میں رواں سال ایم پاکس کے 93 کیسز کی تصدیق

سندھ میں رواں سال ایم پاکس کے 93 مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں اور اس کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
سندھ کے محکمہ صحت کے صوبائی سطح پر بیماریوں کی نگرانی اور ردعمل یونٹ کے لیب سرویلنس نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق ایم پاکس کے مجموعی 93 مصدقہ کیسز میں 70 مرد شامل ہیں، جو مجموعی کیسز کا 75.27 فیصد بنتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 23 خواتین میں بیماری کی تصدیق ہوئی ہے، عمر کے لحاظ سے 30 سے 39 سال کی عمر کے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اس عمر کے گروپ میں 26 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 0 سے 9 سال کی عمر کے 23 بچوں میں مصدقہ ایم پاکس رپورٹ ہوا۔
پی ڈی ایس آر یو کے مطابق ماہانہ صورتحال دیکھی جائے تو رواں سال اپریل میں ایم پاکس کے سب سے زیادہ 31 کیسز رپورٹ ہوئے، ستمبر میں 20، اگست میں 17، جولائی میں 7، اکتوبر میں اب تک 6، مارچ میں 5، جون میں 4 جبکہ مئی میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔
