خیبرپختونخوامیں سیلاب سے20ارب سےزائدکانقصان

خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے 20 ارب روپے سے زیادہ کا مالی نقصان ہوا ہے۔ اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ارسال کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کے 20 محکموں کی 603 سرکاری عمارتیں اور املاک متاثر ہوئیں۔ سب سے زیادہ نقصانات بٹگرام میں ریکارڈ ہوئے جہاں 214 سرکاری املاک تباہ ہوئیں، سوات میں 97، باجوڑ میں 65 اور مانسہرہ میں 58 عمارتیں متاثر ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 37 تعلیمی ادارے، 83 سڑکیں اور 10 پل مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 226 آبپاشی کے چینلز اور 68 واٹر سپلائی اسکیمیں بھی متاثر ہوئیں۔

محکمہ آبپاشی کو سب سے زیادہ 10 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اسی طرح محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو 3 ارب 43 کروڑ روپے، محکمہ تعلیم کو ایک ارب 44 کروڑ روپے اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو تقریباً 22 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں اب تک 748 افراد جاں بحق اور 978 زخمی ہوچکے ہیں۔ ہلاکتوں میں 459 مرد، 111 خواتین اور 178 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 475 مرد، 243 خواتین اور 260 بچے شامل ہیں۔

 

اعداد و شمار کے مطابق صوبائی سطح پر پنجاب میں 165، خیبرپختونخوا میں 446، سندھ میں 40، گلگت بلتستان میں 45، آزاد کشمیر میں 22 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ ملک بھر میں 990 مکانات گرنے اور تقریباً 3 ہزار 900 مویشی ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

Back to top button