2سال کےدوران فرانس کے5و یں وزیراعظم بھی مستعفی

2سال کے دوران فرانس کے5ویں وزیراعظم سیبیسٹیئن لیکورنو نےتقرری کے صرف 26 دن بعد ہی استعفیٰ دیدیا۔
سیبیسٹیئن لیکورنو نے صدر ایمانوئل میکرون سے ایک گھنٹے کی ملاقات کے بعد ان کے استعفے کی تصدیق کی۔
خیال رہے کہ فرانس میں دو سال کے دوران یہ پانچویں وزیراعظم کا استعفیٰ سامنے آیا ہے جب کہ ایک سال میں مستعفی ہونے والے تیسرے وزیراعظم ہیں۔
لیکورنو نے وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد کہا کہ وزیراعظم ہونا ایک مشکل کام ہے لیکن موجودہ حالات میں میرا آگے بڑھنا ناممکن تھا۔ سیاسی جماعتیں سمجھوتے پر تیار نہیں، سب اپنی انا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انھوں نے مختلف سیاسی دھڑوں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ سب ایسے برتاؤ کر رہے ہیں جیسے صرف ان کے پاس ہی اکثریت ہو۔
لیکورنو کی کابینہ کو اپوزیشن نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا کیونکہ اس میں زیادہ تر وزراء سابق وزیراعظم فرانسوا بیرو کی ٹیم سے ہی لیے گئے تھے۔
مختلف جماعتوں نے اس کابینہ کو مسترد کرنے اور عدم اعتماد کی تحریک چلانے کی دھمکی دی۔
فرانس میں گزشتہ دو برسوں میں یہ پانچواں وزیراعظم ہے جو حکومت سازی میں ناکام رہا۔
