پی ٹی آئی کی پیپلزپارٹی کوحکومت کیخلاف تحریک عدم اعتمادکی پیشکش

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مابین کشیدگی کافائدہ اٹھاتے ہوئے تحریک انصاف نے حکومت کی اتحادی جماعت کوتحریک عدم اعتماد کی پیشکش کردی۔
سپیکر ایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیانات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس طرح کی سیاست سے کسی سیاسی جماعت کا فائدہ نہیں ہوتا، پنجاب میں ہمارے پارلیمانی لیڈر سے سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، سمجھ نہیں آتا کہ متنازعہ بیانات کیوں دیئےجارہے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کی لفظی گولہ باری ختم ہوئی تو پی ٹی آئی کے اسد قیصر نے پیپلزپارٹی کو فرینڈلی فائر کا طعنہ دیتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کی پیشکش کردی۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی فرینڈلی فائر نہ کرے جرات کرے، نوراکشتی نہ کریں، ابھی آئیں اس حکومت کو فارغ کر نے کے لیے تحریک عدم اعتماد پیش کریں۔
اس کے بعد پی پی نے کورم کی نشاندہی کردی اور گنتی پر کورم پورا نہ نکلا جس پر اجلاس جمعرات 9 اکتوبر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
