حسن نواز کی برطانیہ میں 7 کمپنیاں تحلیل کردی گئیں

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے فرزند حسن نواز کی برطانیہ میں 7 کمپنیاں تحلیل کردی گئیں۔

 تفصیلات کے مطابق  نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز برطانیہ میں ساتوں کمپنیوں کے ڈائریکٹر تھے۔ پہلی کمپنی فلیگ شپ انویسٹمنٹ 12 اپریل 2001 کو قائم کی۔7 کمپنیوں میں سے آخری کمپنی فلیگ شپ ڈیولپمنٹ لمیٹڈ 15 ستمبر 2010 کو قائم کی گئی تھی۔

 حسن نواز کوئنٹ پیڈنگٹن، کوئنٹ گلوسسٹر اور فلیگ شپ سیکیورٹیز کے بھی سربراہ تھے، جبکہ کیو ہولڈنگز اور ہرٹ اسٹون پراپرٹیز بھی حسن نواز کے نام پر رجسٹرڈ تھیں۔

گزشتہ برس 17 نومبر 2024 کو لندن ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کو دیوالیہ قرار دیا تھا۔عدالت نے حسن نواز کو برطانوی حکومت کے ٹیکس، ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ٹیکس کیس میں دیوالیہ قرار دیتے ہوئے قرار دیا تھا کہ حسن نواز کو سال 2023 کے کیس نمبر 694 میں دیوالیہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد رواں برس 25 مارچ کو برطانوی حکام نے حسن نواز پر ٹیکس چوری کے الزام میں 52 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا تھا۔

برطانوی حکومت نے نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کو ٹیکس نادہندہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے 5 اپریل 2015 سے 6 اپریل 2016 تک قریباً 94 لاکھ پاؤنڈز کا ٹیکس ادا نہیں کیا۔ جس کے نتیجے میں ان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

Back to top button