رمضان کے بعد بیماریوں سے بچنے کیلئے ماہرین نے نسخہ بتادیا

رمضان کے بعدکھانے پینے میں بے احتیاطی آپ کی عید الفطر کی خوشیوں کو متاثر کرسکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اعتدال سے کھائیں اور عید کی خوشیاں بھرپور طریقہ سے منائیں۔
رمضان المبارک میں جہاں انسان میں روحانی تبدیلی رونما ہوتی ہے وہیں سحر اور افطار میں کھانے پینے میں وقفے سے نظام ہضم بہتر ہونےسے انسانی صحت پر مثبت اثرات سامنے آتے ہیں، اس لیے ماہرین صحت عید پر فوری طور پر روغنی اور زیادہ میٹھی چیزوں سے اجتناب کرنے پر زور دیتے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق روزوں میں کھانے پینے میں اعتدال کے فوری بعد بے احتیاطی سے انسان مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوسکتا ہے جس میں ذیابیطس، امراض قلب، اسہال اور گیس کی شکایات بڑھ جاتیں ہیں۔
ماہرین صحت عید کے موقع پر بچوں، بزرگوں اور حاملہ خواتین سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کو خاص احتیاط کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ عید کی خوشیاں بھر پور طریقے سے منائی جاسکیں۔
