قربانی کےگوشت کو خراب ہونے سے کیسے بچائیں؟

عید الاضحیٰ پر لوگوں کو سب سے زیادہ فکر اس بات کی ہوتی ہے کہ قربانی کے گوشت کو کس طرح کئی ہفتوں تک خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔
یہ ایسا مشکل کام نہیں اگر گوشت کو درست طریقے سے اسٹور کیا جائے۔
درحقیقت گوشت کو ہفتوں، مہینوں بلکہ ایک سال تک محفوظ کیا جاسکتا ہے اور اس کے لیے فریزر ہی سب سے بہترین ہوتا ہے۔مگر گوشت محفوظ کرنے چند طریقے اور بھی ہیں۔
فریزر میں رکھنے سے قبل گوشت کے پیکٹ بنانا ضروری ہے جبکہ اسے ہوا سے بچانا بھی ضروری ہے۔اس مقصد کے لیے پلاسٹک بیگ اور المونیم فوائل (جو فریزر کے لیے ڈیزائن ہو) کا استعمال کریں۔
اگر ایسا ممکن نہ ہو تو ائیر ٹائٹ برتنوں کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے یعنی پلاسٹک یا فریزر کے لیے محفوظ جار یا کین وغیرہ۔
جتنا ہوسکے ہڈیوں کو نکال دیں کیونکہ فریزر میں ہڈیاں زیادہ جگہ گھیرتی ہیں جس سے فریزر کو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔اس مقصد کے لیے فریج میں موجود فریزر کمپارٹمنٹ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ خالی فریزر بجلی بہت زیادہ خرچ کرتا ہے۔
فریزر میں کچے گوشت کو 4 سے 12 ماہ تک منجمد کرکے رکھا جاسکتا ہے۔کچا قیمہ تین ماہ تک ہی فریزر میں ٹھیک رہ سکتا ہے۔پکے ہوئے گوشت کو 2 سے 3 ماہ کے لیے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔
