عمران خان کے چھوڑنے پر ہی پی ٹی آئی چھوڑوں گا

پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے تحریک انصاف چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب عمران خان پارٹی چھوڑیں گے میں بھی اس وقت ہی تحریک انصاف سے نکلوں گا۔

کراچی کے نجی ہسپتال میں طبی معائنہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر عمران خان کی زندگی میں مجھ سے تحریک انصاف چھڑانا چاہتے ہو تو ماتھے پر گولی مار لو، یہ میری جماعت ہے، میں نے 23 سال اس جماعت کو دیئے ہیں۔

علی زیدی نے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی چھوڑنے کا کوئی بھی پریشر نہیں دے سکتا، عمران خان بھی نکالیں گے تو میں چوکیداری کا کام کروں گا، یہ میری جماعت ہے۔اس موقع پر علی زیدی آبدیدہ ہوگئے اور میڈیا ٹاک ختم کرکے چلے گئے۔

انھوں نے کہا کہ درخواست دی تھی کہ میری قمر میں شدید درد، مائیگرین اور شاید بلڈ پریشر بھی ہے، اس لیے میں ہسپتال سے طبی معائنہ کروانا چاہتا ہوں،  میری طبیعت خراب ہے اور جو ڈاکٹرز میرے گھر میں آئے تھے انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ ہسپتال میں ایکسرے وغیرہ کیے جائیں گے۔

علی زیدی کے مطابق ہمیں کسی چیز کا پتا نہیں تھا لیکن کل سے جیسے ٹی وی دیکھی اور جو رپورٹس ملی ہیں، جو کچھ ہوا اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، میری سیاسی پیدائش پی ٹی آئی میں ہوئی ہے، میری سیاسی پرورش بھی خان صاحب کے ہاں ہوئی ہے، ساری زندگی انہوں نے ہمیں تلقین کی ہے کہ تشدد اور دہشت گردی سے دور رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس شہر میں دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد رہی ہے، ہم نے کبھی بھی پتھر، ڈنڈا یا ہتھیار نہیں اٹھایا، لیکن پرسوں سے جو کچھ میں نے ٹی وی پر دیکھا ہے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

Back to top button