عمران خان نے ضمنی انتخابات میں حصہ  لینے سے واضح انکار کردیا : سلمان اکرم راجا

 

 

 

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ عمران خان کا فیصلہ دوٹوک اور واضح ہے کہ ایسے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے جن کے نتائج پہلے سے طے کرلیے گئے ہوں۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کے مطابق عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ پی ٹی آئی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے گی اور دھاندلی زدہ ضمنی الیکشن کا حصہ نہیں بنے گی۔

مرکزی رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے وضاحت کی کہ عمران خان سے ملاقات ان کا قانونی حق ہے کیوں کہ وہ ان کے متعدد مقدمات میں وکیل ہیں، لیکن گزشتہ 3 سے 4 ماہ سے عمران خان کے اہل خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ کچھ معاملات پر عمران خان کی رائے درکار تھی، لیکن سماعت ملتوی ہونے کے باعث آج ملاقات ممکن نہ ہوسکی۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پارٹی آج پہلے سے زیادہ منظم اور مضبوط ہے لیکن ارکان کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قائمہ کمیٹیوں سے علیحدگی اختیار کی تاکہ مزید اس ’’ڈھکوسلے‘‘ اور مذاق کا حصہ نہ رہیں۔

 

 

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ نظام جھوٹ پر کھڑا ہے، کیا یہ ضمنی الیکشن فارم 47 کے بغیر کرانے دیں گے؟ ملک میں صرف ایک ہی قانون ہے اور وہ جبر کا قانون ہے۔جب تک آزادی ہے بولتا رہوں گا، چاہے مجھے کسی عقوبت خانے میں ہی کیوں نہ ڈالا جائے۔

 

 

Back to top button