190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی اپیل 2025 میں مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ، رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کےخلاف اپیل اس سال اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقررہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

رجسٹرارآفس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہائیکورٹ میں سزا کےخلاف اپیلیں صرف اپنے نمبر پرہی سماعت کے لیے مقرر ہوں گی۔

رجسٹرار آفس نےبانی پی ٹی آئی کی اپیل مقرر کرنے سے متعلق تحریری رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہےجس میں کہا گیا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کےخلاف اپیل اس سال مقرر ہونےکاکوئی امکان نہیں ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلوں کےمطابق فکسیشن پالیسی مرتب کی گئی، فکسیشن پالیسی کے مطابق زیرالتوا کیسز اور اپیلوں کو نمٹایا جائے گا۔

انصاف تو اللہ کا کام ہے، ہم تو بس فیصلہ کرتے ہیں : جسٹس جمال مندوخیل

 

رجسٹرار آفس کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس وقت سزا یافتہ مجرموں کی 279 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائےموت کیخلاف 63 اور عمر قید کی سزا کے خلاف 73 اپیلیں زیر التوا ہیں، سات سال سے زائد قید کی 88 جبکہ سات سال سےکم قید کی 55 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کے خلاف سب سے پرانی زیر التوا اپیل 2017 کی ہے، اپیلیں دائر ہونے کے بعداپنی اپنی باری پر مقرر ہوتی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 14 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر ہوئی، بانی پی ٹی آئی کی اپیل ابھی موشن اسٹیج پر ہے، اس اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہوں گا اس کےبعد اپنےنمبرپرلگے گا۔

رجسٹرارآفس کا کہنا ہےکہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی ڈائریکشنز کےمطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل 2025 میں مقررہونےکا امکان نہیں ہے۔

Back to top button