عمران نے پٹرول سستا کر کے نئی حکومت کے لیے بارودی سرنگ بچھائی

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے لیڈر عمران خان کے امریکی سازش کے بیانیے کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے یہ انکشاف کیا ہے کہ انکے کپتان نے اپنی حکومت کو جاتا دیکھ کر بڑی منصوبہ بندی کے ساتھ نئی حکومت کے لیے معاشی بربادی کی بارودی سرنگیں بچھائی تھیں جو اب پھٹنا شروع ہو چکی ہیں۔
درست ٹیم کا انتخاب نہ کرنا عمران کی بڑی غلطی تھی
شیخ رشید نے عمران خان کے امریکی سازش کے بیانیے سے ہوا نکالتے ہوئے چینل 24 کے پروگرام دستک میں اعتراف کیا کہ سابق وزیر اعظم نے جاتے جاتے معاشی بارودی سرنگیں بچھائیں اور پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دی۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران نے کچھ تو سوچا تھا جو جاتے جاتے آئی ایم ایف کے مطالبے کے برعکس تیل اور گیس کی قیمتیں کم کر گئے تاکہ نئی حکومت کے لیے مشکلات پیدا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے جو منصوبہ بندی کی تھی اسکے نتائج توقعات کے عین مطابق آرہے ہیں اور شہباز شریف حکومت شدید معاشی بحران کا شکار ہو چکی ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے بڑبولے سربراہ نے کہا کہ عمران کو پتہ تھا کہ اس طرح معاشی بوجھ اور اسکا ملبہ اگلی حکومت پر گرنا ہے اسی لئے انہوں نے جاتے جاتے معیشت کو تباہ کرنے کے لیے خوفناک بارودی سرنگیں بچھا دیں، شیخ نے کہا کہ آخر عمران بھی وزیر اعظم تھا اور اسے بھی پتہ تھا کہ کیا ہورہا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے انٹیلی جنس بیورو والوں نے چار مہینے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ہماری حکومت ختم ہونے جا رہی ہے۔ لیکن میں نے آئی بی کی رپورٹ کے بعد انتظار کیا کہ شاید یہ سنی سنائی اور ہوائی باتوں پر مبنی ہو۔ لیکن ہمیں بہت پہلے پتہ چل چکا تھا کہ ہم اب گھر جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے جب عمران خان کو بھی اپنی حکومت کے خاتمے کا یقین ہو گیا تو انہوں نے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے کے برعکس پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے کمی کر دی جسکا خمیازہ آج شہباز شریف کی حکومت بھگت رہی ہے۔
