کراچی،حملے میں شہید رینجرزکےجوانوں کی نمازِ جنازہ اداکردی گئی

کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
شہدا کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردی کرنے والے عناصر چاہیے وہ کہیں بھی ہوں سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے کیفرکردار تک پہنچائیں گی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ملک سے اس کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
