فرانس:مسافر طیارہ گر کر تباہ،پائلٹ سمیت 11 افراد ہلاک

فرانس کے شمال مشرقی شہر نینسی کے قریب ایک چھوٹا مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو کر گرگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ طیارہ نینسی کے قریب واقع ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ٹومبلین قصبے میں گر کر تباہ ہوا۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں پائلٹ، 5 پیراشوٹرز اور عملے کے ارکان سمیت 11 افراد سوار تھے، جو سکائی ڈائیونگ سیشن میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
میورتھے موسیلے برانچ کے آرڈر آف انڈیپنڈنٹ نرسز کے سربراہ تھیر پیچے کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں سکائی ڈائیونگ انسٹرکٹرز کے علاوہ نرسز بھی شامل تھیں، جو ایونٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کو متحرک کر دیا گیا ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
