سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا بنگلہ دیش واپسی کا اعلان

بنگلہ دیش سے فرار ہو کر بھارت میں پناہ لینے والی سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ نے سزائے موت سنائے جانے کے باوجود رواں سال بنگلہ دیش واپس لوٹنے کا اعلان کر دیا ہے۔
شیخ حسینہ واجدکا بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویودیتے ہوئےکہنا تھا کہ وہ کسی بھی سازش یا رکاوٹ کے آگے نہیں جھکیں گی اور جلد اپنے ملک میں ہوں گی۔
شیخ حسینہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں موت کا کوئی خوف نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے خلاف سنائی جانے والی سزا کو غیر قانونی، غیر آئینی اور سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میرے خلاف ماضی میں بھی کئی سازشیں کی گئیں، لیکن میں ہر سازش کا مقابلہ کرتے ہوئے عوام کے ووٹوں سے 5 مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئی اور ملک کی بے مثال ترقی کے لیے کام کیا‘۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں اٹھنے والی ایک طاقتور عوامی تحریک کے بعد اچانک بھارت فرار ہو گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ان کے 15 سالہ طویل دورِ حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔
بھارت منتقلی کے بعد سے وہ عوامی سطح پر بہت کم نظر آئی ہیں، تاہم انہوں نے نئی دہلی کے ایک پریس کلب میں نشر ہونے والی تقریب سے خطاب بھی کیا تھا۔
