بھارت نے 3 ائیر بیسز پر میزائل داغے، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں 3 ائیر بیسز پر میزائل فائر کئے ہیں،ائیر ڈیفنس سسٹم نے بھارت کے میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات گئے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے طیاروں سے نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنےوالے میزائل داغے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کچھ بھارتی میزائل ائیربیسز پر گرے لیکن نقصان نہیں ہوا، زیادہ تر بھارتی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ائیرڈیفنس سسٹم نے بھارت کے میزائل حملوں کو ناکام بنایا، پاکستان ائیرفورس کے پاس وہ تمام الیکٹرونک شواہد موجود ہیں جو بتاتے ہیں کہ یہ میزائل کہاں سےداغے گئے، بھارت ہمارے جواب کا انتظار کرو۔ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ افغانستان پر بھی بھارت نے میزائل داغے ہیں، بھارت اپنی مکاری سے پورےخطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہاہے۔انہوں نے کہا کہ جو میزائل اور ڈرون افغانستان پر داغے گئے وہ بھارت نے اپنےہی پنجاب میں میزائل گرانے کے بعد لانچ کیے، اس سے معلوم ہوتا ہے وسیع پلان ہے تاکہ خطے میں تیزی کے ساتھ عدم توازن پیدا کیا جائے، اسے جنگ کی طرف دھکیلا جائے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یقین دلاتے ہیں کہ مسلح افواج پوری طرح متحرک ہیں، بھارت کی بڑھتی جارحیت، اس کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنایا جا رہا ہے، یہ حملے قطعاً پاکستان کی بہادر عوام کے حوصلوں پست نہیں کرسکتے، پاک فوج ہمہ وقت وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے، اپنے عوام کی حفاظت کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ تمہاری فرسٹریشن کو ہم جلد ہی مزید کمپاؤنڈ کریں گے۔ پاکستانی قوم بھارت کی مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی نہیں۔
بھارت کی جانب سے پاکستان کی ائیربیسز پر میزائل حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی گئی۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی پاکستان کی فضائی حدود آج صبح 3:15 سے دوپہر 12:00 بجے تک ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند رہے گی۔