سیاسی و عسکری قیادت کابھارتی جارحیت پرہائی ویلیو ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کا فیصلہ

پاکستانی ائیر بیسز پر بھارتی میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اورپاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت نے مزید جارحیت کی تو ہائی ویلیو اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستانی ردعمل کے واب میں مزید جارحیت کی تو پاکستان کی جوابی کارروائی کہیں زیادہ شدید اور نشانہ ’ہائی ویلیو اہداف‘ ہوں گے۔ قیادت کا کہنا ہے کہ آئندہ کسی بھی بھارتی حملے کی صورت میں نہ صرف عسکری بلکہ بھارت کے معاشی مراکز بھی پاکستان کے ردعمل کی زد میں ہوں گے۔قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ قیادت نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کی صورت میں اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق  ’آپریشن بنیان المرصوص‘ نہ صرف پاکستان کی عسکری تیاری کا مظہر ہے بلکہ یہ واضح پیغام بھی ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کرتا۔

خیال رہے کہ دشمن کے خلاف آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کا آغاز ہوچکا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کی بھارت کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے اور بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ اور پٹھان کوٹ میں ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے ادھم پور ائیربیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتح میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے، میزائل میں جدید نیوی گیشن سسٹم اور اعلیٰ درستگی شامل ہے۔

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ رات گئے بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے پاکستان میں 3 ائیر بیسز پر میزائل داغے،ائیر ڈیفنس سسٹم نے بھارت کے میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات گئے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے طیاروں سے نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنےوالے میزائل داغے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کچھ بھارتی میزائل ائیربیسز پر گرے لیکن نقصان نہیں ہوا، زیادہ تر بھارتی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ائیرڈیفنس سسٹم نے بھارت کے میزائل حملوں کو ناکام بنایا۔

خیال رہے کہ پہلگام حملے کے بعد 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔

بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔

 

Back to top button