پاک بھارت کشیدگی؛امریکی وزیر خارجہ کا پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت سے رابطہ

بھارت کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد امریکہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے میدان میں آ گیا۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فون کرکے بھارت کیساتھ کشیدگی میں کمی کروانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

ذرائع  کے مطابق امریکا کی پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش سامنے آئی ہے۔امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے آرمی چیف عاصم منیر کو ٹیلیفون کرکے پاکستان کو صبر و تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں، خطے میں امن کی بحالی پوری دنیا کے لیے اہم ہے،انہوں نے کہا کہ بات چیت کے لیےکردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے مستقبل میں تنازعات سے بچنےکےلیےامریکا کی طرف سے تعمیری معاونت کی پیشکش کی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی رابطہ کیا جس میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا تاہم اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کیا کہ اگر بھارت مزید کوئی جارحیت نہیں کرتا تو پاکستان یہاں رک سکتا ہے لیکن بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔

دوسری طرف بھارت سے بھی امریکا کا رابطہ موجود ہے، مارکو روبیو نے دو روز قبل بھارتی ہم منصب جے شنکر سے رابطہ کیا تھا تاہم اس کے باوجود بھارت نے حملہ کیا۔گزشتہ روز نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا امریکا کا پاک بھارت جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، امریکا اس جنگ میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے چھ اور سات مئی ؒکی درمیانی شب سے جاری جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کر دیا ہے جس میں بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان صرف ان فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے جہاں سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھارت نے حملے کئے ہیں۔

Back to top button