نیوکلئیر اثاثوں کے استعمال بارے فیصلہ ساز نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب

 بھارت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کے آغاز کے بعد اب وزیر اعظم شہباز شریف نے نیوکلئیر ایشوز سے ڈیل کرنے والی نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ وزیراعظم کے طلب کردہ اجلاس میں چیئرمین چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف اور پاک فوج کے دیگر سربراہ شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔اس اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں نیوکلیئر ایسڈ بارے حکمت عملی طے کی جائے گی.

واضح رہے کہ پاکستان میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) ایک اعلیٰ ترین سول اور عسکری ادارہ ہے جو ملک کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام اور اسٹریٹجک اثاثوں کے کمان، کنٹرول اور عملی فیصلوں کا ذمہ دار ہے۔ این سی اے تمام اسٹریٹجک جوہری افواج اور اسٹریٹجک تنظیموں کے لیے پالیسی وضع کرنے کا اختیار بھی رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ  نیشنل کمانڈ اتھارٹی پاکستان کے جوہری معاملات کا جائزہ لیتی ہے۔ اہم ترین دفاعی اثاثے استعمال کرنے کااختیار بھی نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے پاس ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے ہنگامی اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد بھارت کی جانب سے مزید کسی قسم کی کارروائی کی گئی تو پاکستان ایسا جواب دے گا جسے تاریخ یاد رکھے گی۔پاکستان پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ بھارت نے مزید جارحیت کی تو ہائی ویلیو اہداف کونشانہ بنایا جائے گا، جوابی حملے کی صورت میں بھارت کے معاشی اہداف بھی نشانے پر ہوں گے۔سیاسی و عسکری قیادت نے انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی حرکت کے سنگین نتائج ہوں گے، ایسی تباہی ہوگی کہ دنیا ماضی کی تمام جنگیں بھول جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستانی ردعمل کے جواب میں مزید جارحیت کی تو پاکستان کی جوابی کارروائی کہیں زیادہ شدید اور نشانہ ’ہائی ویلیو اہداف‘ ہوں گے۔

 قیادت کا کہنا ہے کہ آئندہ کسی بھی بھارتی حملے کی صورت میں نہ صرف عسکری بلکہ بھارت کے معاشی مراکز بھی پاکستان کے ردعمل کی زد میں ہوں گے۔

قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ قیادت نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کی صورت میں اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Back to top button