بھارتی قیادت کا بیانیہ امن کو نہیں بلکہ دشمنی کو ترجیح دینے والا ہے، پاکستان

دفتر خارجہ پاکستان نےبھارتی بیان بازی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت کا بیانیہ امن کو نہیں بلکہ دشمنی کو ترجیح دینے والا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیاہے کہ بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی کی معاونت کے شواہد موجود ہیں، کھوکھلےبیانیے اور توجہ ہٹانےکی کوششیں سچ کو چھپا نہیں سکتیں، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان نےکہا کہ بھارتی قیادت کا بیانیہ امن نہیں، دشمنی کو ترجیح دینے والا ہے، بھارت کا پاکستان کو عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہراناحقائق سےانحراف ہے۔
جنرل شمشاداخترنےبھارتی آبی جارحیت کوکھلی دہشت گردی قرار دیدیا
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کا تنازع خطےکےامن و استحکام کے لیے بنیادی خطرہ ہے، پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات اور یو این قراردادوں کے مطابق حل کاحامی ہے جب کہ مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کرناخطے کو بداعتمادی اور تصادم میں جھونکنے کےمترادف ہے۔
ترجمان نےمزید کہا کہ حالیہ واقعات سے واضح ہےکہ جنگی جنون اور دھونس بے سود ہیں، بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کےذریعے اپنےمقاصدحاصل نہیں کرسکتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے سنجیدگی، برداشت اورمسئلےکی اصل جڑ کو سمجھنا ہوگا۔