بھارتی پروپیگنڈابےنقاب،پاکستان نےغیرملکی میڈیا کوایل اوسی کادورہ کرادیا

بھارتی پروپیگنڈابےنقاب کرنے کیلئے وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے غیرملکی میڈیا کوایل اوسی کادورہ کرادیاگیا۔

ترجمان وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرانے کے اعلان کا مقصد بھارت کے من گھڑت اور جھوٹے پروپیگنڈے کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔بھارت ایک عرصے سے پاکستان کے خلاف خیالی اور فرضی دہشت گرد کیمپس کا واویلا کرتا رہا ہے تاہم اب ان تمام الزامات کی حقیقت زمینی سطح پر سامنے لائی گئی ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق میڈیا نمائندوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت کی جانب سے دہشت گرد کیمپس قرار دیا گیا تھا اور ذرائع نے بتایا کہ میڈیا کو زمینی حقائق سے آگاہ کر کے بھارتی دعووں کی قلعی کھول دی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی پر قائم ہے اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی یا دہشت گردی سے جڑی سرگرمیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Back to top button