وزیرداخلہ سےخیبرپختونخوا،بلوچستان کےتاجروں کی ملاقات،مسائل سےآگاہ کیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعت کاروں نے ملاقات کی جس میں دونوں صوبوں کے تمام چیمبرز آف کامرس نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے وفد کو ملک خصوصاً دونوں صوبوں میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے تاجر برادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظ کیلئےتمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ جلد ہی پشاور اور کوئٹہ کا دورہ کروں گا، جہاں متعلقہ صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام اور نمائندوں کی موجودگی میں آپ سے تفصیلی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ درپیش مسائل کا مستقل اور عملی حل نکالا جا سکے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کاروباری برادری کو محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نجی شعبے کے کردار کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کی ترقی میں ہی پاکستان کی ترقی پنہاں ہے، ‎پوری حکومت آپ کے ساتھ ہے اور ہم آپ کے تمام جائز مسائل حل کریں گے۔

Back to top button