امریکی اخبار کا دعویٰ: ایران پر فضائی حملے دوبارہ شروع کرنے کی تیاری
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ممکنہ فوجی کارروائی امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد کی جا سکتی ہے، ٹرمپ کی نیتن یاہو سے بھی گفتگو ہوئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم نومبر کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے گفتگو کی، جبکہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران پر دوبارہ بمباری شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
اخبار کے مطابق ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد شروع ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی ایک یا دو مزید جوہری تنصیبات پر کارروائی باقی ہے اور ضرورت پڑنے پر ان مقامات کو 10 منٹ میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ پر ہیلووین پارٹی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنے کے بعد اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ ایران کسی معاہدے پر پہنچتا ہے یا نہیں، تاہم امریکا کو اس معاملے میں کوئی جلدی نہیں۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام، پیداواری صلاحیتوں اور جوہری پروگرام کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
